نیدرلینڈ کا نیوزی لینڈ دہشت گردی پر افسوس، متاثرین سے اظہار ہمدردی،

540

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نیدرلینڈ نے کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈدہشت گردی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے نیدرلینڈ کی پاکستان میں سفیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہر شخص کو مذہبی و اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے۔

پاکستان میں نیدرلینڈ کی ایمبیسیڈرمسز آرڈی اسٹوئیس بریکن کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کی دعوت پر گزشتہ روز کلفٹن میں واقع کے سی ایف آر ہاؤس پہنچیں جہاں چیئرمین کے سی ایف آر اکرام سہگل اور سی ای او کموڈور ریٹائرڈ سدید اے ملک نے ان کا استقبال کیا۔ 

اس موقع پر سابق چیئرمین کے سی ایف آرلیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ معین الدین حیدر،وائس چیئرمینز وائس ایڈمرل ریٹائرڈ خالد میر، سیف الدین این زومکا والا، ایمبیسیڈر مصطفی کمال قاضی، خزانچی کلیم فاروقی، بورڈ آف ڈائریکٹرزکے ممبرز اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

اس دوران سفیر نیدرلینڈ نے اراکین سے عالمی سیاست، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ مسز آرڈی اسٹوئیس بریکن نے کہا کہ نیدرلینڈمیں مذہبی اور اظہار رائے کی آزادی ہے اور وہاں اس کو یقینی بنانے کے لیے قانون بھی موجود ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان موحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والا ہے۔ پاکستان کو اپنے مفاد میں چاہیے کہ وہ نیدرلینڈ کی طرح ماحولیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے اسے اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔ صرف ایل این جی توانائی مسائل کا حل نہیں، یہ مجموعی منصوبہ بندی کا حصہ ہو سکتی ہے۔

مسز آرڈی اسٹوئیس بریکن کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈ اور پاکستان کے درمیان توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں،پاکستان بھی ایک بڑی کنزیومر مارکیٹ ہے۔ اس سے قبل چیئرمین کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز اکرام سہگل نے انہیں بتایا کہ پاکستان میں انفرااسٹرکچر بہتر ہورہا ہے، سی پیک سے بھی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ 

کے سی ایف آر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وسفارتی تعلقات کی بہتری کے لیے کوشاں رہے گی۔سی ای او کے سی ایف آر کموڈور ریٹائرڈ سدید اے ملک نے کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے بارے میں پریزینٹیشن بھی دی۔ 

اس موقع پر ایمبیسیڈر نیدرلینڈ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ آخر میں چیئرمین کے سی ایف آر کی جانب سے مسز آرڈی اسٹوئیس بریکن کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔