امریکن سرمایہ کاروں کا مختلف شعبو ں میں ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان خوش آئند ہے ۔ گورنرسندھ

321

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے جے ایس گلوبل کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں امریکی قونصل جنرل جونی ویگنر اور برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلین برنس بھی موجود تھیں۔ وفدکی سربراہی جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرکامران ناصر کررہے تھے ۔ وفد میں مائیکل تھیولے ،طلحہٰ خان اورواحد بٹ بھی شامل تھے۔ 

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی سرمایہ کاری کے حوالے سے بہترین شہر ہے کیونکہ اس شہر میں سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ استعداد موجود ہ ہے ، امریکن سرمایہ کاروں کا مختلف شعبوں میں ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان ایک خوش آئند امر ہے جس سے صوبہ باالخصوص کراچی میں بے روزگاری اور غربت میں کمی یقینی ہوگی۔

گور نر سندھ نے کہا کہ شہر میں بیرونی ممالک کی سرمایہ کاری سے خطہ میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے اسلام آباد میں ملاقات میں ملک میں کی جانے والی امریکن سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی ، صوبہ باالخصوص کراچی میں توانائی ، انفرا اسٹرکچرز، اینڈ ڈویلپمنٹ، تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے فوری منافع یقینی ہے، 

شہر کی استعداد سے د نیا بھر کی مشہور و معروف ملٹی نیشنل کمپنیاں نہ صرف منافع حاصل کررہی ہیں بلکہ مزید سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی لے رہی ہیں، موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کرے گی۔ 

ملاقات میں وفد نے گورنرسندھ کو بتایا کہ گروپ کا ہیڈ کواٹر لاس اینجلس ، امریکہ میں ہے ، نجی سیکٹر میں جے ایس گلوبل ایک بڑا گروپ ہے جس کے تحت 1.7 کھرب ڈالرز سے زائد کے فنڈ مینجمنٹ کئے جارہے ہیں، 

یہ گروپ پاکستان میں گذشتہ 25 برس سے سرمایہ کاری میں حصہ لے رہا ہے لیکن موجود ہ حکومت کے اقدامات کے باعث مزید سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتا ہے اس ضمن میں وزیرا عظم پاکستان اور وفاقی وزیر خزانہ سے جلد ملاقات متوقع ہے اس سے قبل اسٹیٹ بنک ، اسٹاک ایکس چینج اور دیگر اہم حکومتی و نجی اداروں کے اعلیٰ حکام سے گروپ کی ملاقات ہوچکی ہیں ۔