صفائی کی ناقص صورتحال پر کراچی کے مشہور ریسٹورنٹس کو جرمانہ،

415

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی کے مختلف علاقے شاہ فیصل کالونی، پٹیل پاڑا اور گارڈن ایسٹ کی کئی بیکریاں اور ریسٹورنٹس پر چھاپہ مار کر جرمانے کیے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کے حکام نے چھاپے کے دوران کئی مشہور ہوٹلز جن میں الناز بریانی اور پکوان، المدینہ پکوان سینٹر، کیفے جدون، حمزہ پکوان سینٹر، پرانا حسن زئی اور جامع ریسٹورنٹ کو صفائی کی ناقص صورتحال پر جرمانہ کیا۔

حکام نے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے امینہ بیکرز، شاہ فیصل سوئٹس، اے ون چپلی کباب ہوٹل، بمبئی نمکو اینڈ سوئٹس، بسم اللہ پکوان سینٹر اور پیزا 363 پر چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ شاہ فیصل میں مشہور چپلی کباب کے ریسٹورنٹ میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ناقص تھی جہاں کھانے کی اشیاء کو کیمیکل ڈرم میں رکھا گیا تھا جس پر فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ہوٹل کو 95 ہزار کا جرمانہ کر دیا۔

کارروائی کے دوران پکوان سینٹرز سے پرانا گوشت برآمد کر لیا گیا جبکہ کورنگی، پٹیل پاڑہ اور گارڈن میں بھی پکوان سینٹرز میں کیڑے مکوڑوں کی بھرمار نکلی۔

سندھ فوڈ اتھارٹی نے کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے تمام مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ سات دن کے اندر اپنی ہوٹلوں اور پکوان سینٹرز کی صفائی کے معیار کو بہتر بنائیں۔