وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پیپلز پارٹی سے ٹرین کی بوگیوں پر پکے رنگوں سے سیاسی مخالفین کے خلاف نعرے لکھنے پر ہرجانہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی نے کاروان بھٹو کے لئے ٹرین کی بوگیوں پر پکے رنگوں سے وزیراعظم کے خلاف نعرے لکھے اور غیر اخلاقی زبان کا استعمال بھی کیا ۔ ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بوگیوں پر نیا رنگ کرانے کے پیسے پیپلزپارٹی سے لئے جائیں گے۔ وزیراعظم کے خلاف نعرے لکھنا فسوسناک بات ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو نوٹس جاری کرنے کے لیے ریلوے کی قانونی ٹیم کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ نئے رنگ کے پیسے وصول کرنے کے لئے قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی رہنما سلیم مانڈوی والا کو بل بھی بھجوایا جائے گا۔