امریکا: ٹرمپ کی نافذ کردہ ایمرجنسی کیخلاف قرارداد ناکام

195

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے تنازع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کردہ ایمرجنسی کو ایوان نمایندگان میں چیلنج کیا گیا تھا تاہم اس حوالے سے ہونے والی رائے شماری ٹرمپ کے اقدام کو مسترد کرنے میں ناکام رہی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت کے حامل ایوان میں ٹرمپ کے ویٹو کے خلاف 248 جب کہ حمایت میں 181 ووٹ پڑیتاہم درکار دو تہائی اکثریت کے حصول کے لیے 38 ووٹ کم رہ گئے۔ واضح رہے کہ ویٹو کے ذریعے ٹرمپ نے ہنگامی حالت کا اعلان فروری میں کیا تھا، جس ضمن میں انہوں نے سرحدی سیکورٹی اور انسانی بحران کا حوالہ دیا تھا، جب کہ انہوں نے دیگر حکومتی مدات سے 3.6 ارب ڈالر کی رقم لے کر امریکا میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔ علاوہ ازیں رابرٹ ملر کی جانب سے صدر ٹرمپ کو روس کے ساتھ ساز باز کے الزام سے بری الذمہ قرار دیے جانے کے باوجود امریکی عوام کی اکثریت تاحال یہ سمجھتی ہے کہ صدر نے 2016ء کے انتخابات کے دوران روس کی مدد حاصل کی تھی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز اور تحقیقاتی ادارے اپسوس کے ایک نئے مشترکہ سروے کے مطابق جائزہ رپورٹ کے نتائج میں 48 فی صد امریکیوں کی رائے میں صدر یا ان کی انتخابی مہم کے ذمے داران نے 2016ء کے صدارتی انتخاب پر اثر انداز ہونے کے لیے روس کے ساتھ ساز باز کی تھی۔