پاکستان پیپلز پارٹی کے کاروان بھٹو میں شرکت کے لئے نوشہروفیروز کے منتخب نمائندوں نے خواتین کو فی کس دو ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا البتہ جب غریب خواتین سے کیا گیا وعدہ پورا نہ کیا گیا تو خواتین نے میڈیا کے سامنے سچ اگل دیا۔
خواتین کا کہنا تھا کہ ہم سے دو ہزار روپے دینے کا وعدہ کرکے یہاں لایا گیا اور اب صرف دوسو روپے دیے گئے ہیں۔
مارچ میں شرکت کے لیے آئی خاتون نے کہا کہ میں بیوہ ھوں اور مجھے دو ہزار روپے کا کہہ کر یہاں پر بلایا گیا تھا لیکن اب صرف دوسو روپے تھما دیے گئے ہیں۔
دوسری خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے بھی صرف دوسو روپے دیے گئے ہیں اور یہاں بیٹھے سب غریبوں کو 2000 روپے دینے کا وعدہ کرکے صرف دوسو روپے تھمائے گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے ایم پی اے ممتازچانڈیو سے جب اس بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ مخالفین کا پروپیگنڈہ ہے اور یہ خواتین بھی مخالفین کی ہیں بھیجی ہوئی ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ مخالفین کون ہیں۔