عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابل فخر ہیں،آسٹریلین ہائی کمشنر

469

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) آسٹریلین ہائی کمشنر مس مارگریٹ ایڈمسن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابل فخر ہیں، پی ایس ایل زبردست کامیاب ایونٹ بن گیا ہے، امید ہے نا صرف آسٹریلیا بلکہ دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی، پاکستان کے آم بہت ذائقہ دار ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے تحت بریک فاسٹ تقریب کے دوران بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کونسل کے چیئرمین اکرام سہگل، سیکریٹری ڈاکٹر ہما بقائی، سی ای او کموڈور ریٹائرڈ سدید اے ملک ، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ممبرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے تعلقات قیام پاکستان کے فورا بعد سے ہی قائم ہو گئے تھے۔ اسٹاف کالج کوئٹہ سے ہمارے تعلقات قیام پاکستان سے پہلے 1910 سے ہیں۔ ایک پاکستانی نڑاد خاتون بھی آسٹریلین پارلیمنٹ کی رکن ہیں۔ مس مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ عالمی امن کے لیے یو این پیس مشن میں پاکستان کی خدمات قابل فخر ہیں، 

پاکستان اس میں سب سے بڑا کردار ادا کرنے والا ملک ہے۔ ہم کاروبار، تعلیم، صحت، زراعت، ڈیری، پانی کے استعمال میں کفایت شعاری، دفاع، انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔ آسٹریلین ہائی کمشنرنے کہا کہ پاکستان میں موجود آسٹریلین یونیورسٹیز کی تعداد جلد 11 ہو جائے گی، 

ہائیر ایجوکیشن کمیشن. کے تحت پاکستان کے 120 پی ایچ ڈی اسکالرز آسٹریلیا میں زیرتعلیم ہیں۔ ہائی کمشنرنے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی اور افرادی قوت کی استعداد بڑھانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی نے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ پر لانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

پاکستان سپر لیگ بہت زبردست اور کامیاب ایونٹ بن گیا ہے جس میں عالمی کھلاڑی بھی شامل تھے۔ پی ایس ایل عالمی کرکٹ کو پاکستان واپس لانے میں اہم کردار ادا کرے گی،ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان سے بھی دنیا کو پاکستان کے بارے میں مثبت پیغام ملا ہے۔ مس مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ امید ہے اب نا صرف آسٹریلیا بلکہ دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ آسٹریلین صنعتکاروں کو پاکستان میں کاروبار بڑھانے کی ترغیب دوں گی۔ پاکستان میں کاروباری اور سیاحت کے مواقع موجود ہیں، قیام امن بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بہت اہم ہے۔ 

ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مس مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کو 1500 شرائط پوری کرنی پڑتی ہیں جو سرمایہ کاری لانے میں ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آم بہت ذائقہ دار اور مقبول ہے۔ ترقی نسواں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کی ترقی بھی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے خودگزشتہ دنوں عالمی یوم خواتین پر اسلام آباد ویمن پولیس کے ایونٹ میں شرکت کی تھی۔ 

ہم سندھ پولیس میں خواتین کی استعداد بڑھانے میں بھی تعاون کر رہے ہیں۔ مس مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کا پستہ قد اور کمزور ہونا تشویشناک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم کاشتکاروں کو پانی کے باکفایت استعمال کے طریقے بتا رہے ہیں، 
اتنی بڑی مقداریں گنا اگانے کے بجائے کم پانی والی فصلوں کو ترجیح دینی چاہیے۔ ہم مویشی بانی میں بھی کسانوں کی مدد کر رہے ہیں، ایک لاکھ سے زائد آسٹریلوی گائیں پاکستان آچکی ہیں۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے چیئرمین اکرام سہگل نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔ بھارت واحد ملک ہے جو افغانستان سمیت پورے خطے میں امن نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے ضرورت ہے۔