بھارتی فوج نے مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا،وادی میں ہڑتال ،مظاہرے 

153

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران شوپیاں اور کپواڑہ کے اضلاع میں 4 اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہید ہونے والے 3 نوجوانوں میں سجا د کھانڈے ، عاقب احمد ڈار اور بشارت احمد میرشامل ہیں جنہیں بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے یارون میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوج نے ایک اور نوجوان کو کپواڑہ کے علاقے لنگیٹ میں شہید کیا۔ نوجوانوں کے قتل کے خلاف شوپیاں، پلوامہ اور ہندواڑہ کے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ پلوامہ ، شوپیاں، کولگام ، بیج بہاڑہ ، سوپور اور ہندواڑہ کے علاقوں میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین پر پیلٹ گنز اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام کے طلبہنے بھی کالج کیمپس میں بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ فوج نے ضلع کولگام کے علاقے ٹنگ بل کجر میں ایک مکان کو آگ لگا دی۔قابض انتظامیہ نے سوپور ، ہندواڑہ اور کپواڑہ کے علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی جبکہ تعلیمی ادارے بند کرادیے ۔ادھرمقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ بڑی تعداد میں خواتین اور مرد آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے پلوامہ کے علاقے بھٹ نورہ میں شہید عاقب احمد کی آخری جھلک دیکھنے کے لیے ان کے گھر کے باہر جمع ہو گئے۔ سوگواران نے آزادی کے نغمے گاتے ہوئے شہید کی میت کے ساتھ قبرستان کی طرف مارچ کیا۔ اس دوران مجاہدین کے ایک گروپ نے نمودار ہو کر فضائی فائرنگ کر کے شہید نوجوان کو سلام پیش کیا۔سرینگر کے علاقے آلوچی باغ میں واقع بھارتی فوجی بنکر کے قریب ایک زوردھماکے میں ایک مکان اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچاہے۔ایک سرکاری اسکول ٹیچر کی لاش پراسرار حالت میں ضلع پونچھ کے علاقے بلنوئی سے برآمد ہوئی۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سنبل میں دریائے جہلم سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش ملی ہے۔