چین کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستان اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جماعت جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے معاملے کو کبھی ’ویٹو‘ نہیں کیا ہے۔
تاہم چین نے امریکہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ مسعود اظہر کے معاملے میں دانشمندی سے کام لیں اور ایسے اقدامات نہ اٹھائیں جو معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیں۔
یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران مسعود اظہر کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہی۔
واضح رہے کہ سلامتی کونسل کا مستقل رکن چین کالعدم تنظیم جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی تجویز کو کئی مرتبہ روک چکا ہے اور چند روز قبل بھی چین نے ‘ٹیکنیکل ہولڈ’ کی بنیاد پر ایک بار پھر ایسی ایک قرارداد کو روک دیا تھا۔