سندھ کے بلدیاتی سربراہوں کو سبکدوش کرانے کا منفرد نوٹیفیکشن جاری

587
Sindh Local Bodies
سندھ کے بلدیاتی ادارے

سندھ بھر میں بلدیاتی اداروں کے میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین اور وائس چیئرمین کو سادہ اکثریت سے سبکدوش کرانے کا فارمولہ پیش

کے ایم سی، ڈی ایم سیز اور  ٹاؤن کمیٹیوں کے منتخب سربراہ و نائبین کو سادہ اکثریت سے فارغ کیا جاسکے گا۔

عدم اعتماد کی قرارداد جمع ہوتے ہی متعلقہ ادارے کا چیف ایگزیکٹو اجلاس طلب کرنے کے لیے پریذائڈنگ افسر سے رجوع کرے گا۔

اداروں میں پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسر کی نامزدگیاں

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے صوبائی حکومت کے گرنے سے قبل صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کے منتخب میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین ، وائس چیئرمین کو سادہ اکثریت کے ووٹوں کے ذریعے ہٹانے کی تیاری کرلی ۔
اس ضمن میں چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کے دستخط سے بلدیاتی تاریخ کے  منفرد نوٹیفیکشن کا اجراء بھی کردیا گیا ۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ فیصلے کا اطلاق یونین کمیٹی اور یونین کونسل پر نہیں ہوگا ۔
چیف سکریٹری کی جانب سے 26 مارچ کو جاری کردہ ٹوٹیفکش کے مطابق بلدیہ عظمٰی کراچی سمیت تمام ضلعی   بلدیاتی اداروں  اور ٹاؤن کمیٹیوں کے  میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین اور وائس چیئرمین کو سادہ اکثریت کی رائے سے سبکدوش کیا جاسکے گا ۔
عدم اعتماد کا ووٹ پیش کرنے کے لیے کوئی ایک رکن بطور مجوز اور ایک ہی تائید کنندہ بن کر قرارداد متعلقہ  بلدیاتی ادارے کے چیف ایگزیکٹیو  آفس میں جمع  کراسکتا ہے۔
درخواست ملتے ہی چیف ایگزیکٹیو متعلقہ پریذائڈنگ آفیسر کو اجلاس بلانے کے لیے
درخواست بھیج دے گا جو ایک ہفتے کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہونگے ۔ نوٹیفیکشن میں واضح کیا گیا کہ ووٹنگ کا فیصلہ سادہ اکثریت کی بنیاد پر کیا جائے گا اس مقصد کے لیے قرار داد کی حمایت اور مخالفت میں موجود ارکان کو دو
علیحدہ گروپس میں تقسیم کرکے اکثریت کا اندازہ لگاکر فیصلہ کردیا جائے گا ۔ نوٹیفیکشن میں چونکہ اس مقصد کے لیے پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسر کی حیثیت سے متعلقہ ڈویژن کے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو نامزد کردیا گیا ہے اس لیے خیال ہے کہ حکومت بلدیاتی اداروں کے منتخب رہنماؤں کو ہٹانے کے لیے سنجیدہ ہوچکی ہے ۔
خیال ہے کہ اس فیصلے پر اپوزیشن کے ارکان صوبائی اسمبلی سخت احتجاج کریں گے ۔
خیال رہے کہ صوبے سندھ کی  حکومت کو خدشہ ہے کہ اسے کسی بھی وقت معزول کیا جاسکتا ہے ۔ اس لیے حکومت نے ازخود یو سی کے سوائے دیگر بلدیاتی اداروں کے سربراہان و نائبین کو خود ہی فارغ کرنے کی کوشش میں مصروف ہوگئی ہے  ۔