عمران خان نے لگڑری ٹرین ’’جناح ایکسپریس ‘‘ کا افتتاح کر دیا،

427

وزیراعظم عمران خان نے لاہور تا کراچی جناح ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے لیے چین سے مدد لیں گے۔

جناح ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چین ریلوے ٹیکنالوجی میں دنیا میں سب سے آگے ہے، اپنے دورہ چین کے دوران اس حوالے سے بات کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ چین نچلے طبقے کو اوپرلے کر آیا اور ترقی کرگیا۔ وزارت پٹرولیم کو کہوں گا کہ مصنوعات کی ترسیل ریلوے کے ذریعے کی جائے، کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون بننا انقلابی قدم ہوگا، ملک میں ریلوے کی پٹڑی کو بڑھانا ہے۔

سیاحت کے فروغ کیلئے ہمیں ریلوے کو مزید بہتر کرنا ہے، اس میں ریلوے کا کردار اہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس محنت سے شیخ رشید ریلوے کو بہتر کررہے ہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ 

شیخ رشید نے مجھے مزدوروں کی تنخواہ بڑھانے کی درخواست دی ہے، عام آدمی ریلوے کے ذریعے سفر کرتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ غریب طبقے کیلئے ہیلتھ انشورنس شروع کر رہے ہیں،

میں چاہتا ہوں کہ تمام مزدوروں کو ہیلتھ کارڈ ملنا چاہیے، جتنی مہنگائی ہے مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران اپنی چھٹیاں لندن میں گزارتے تھے، گزشتہ وزرائے اعظم کی طرح بادشاہ بن کر پیسے نہیں بانٹ سکتا۔

واضح رہے کہ جناح ایکسپریس پاکستان ریلویز کی سب سے لگڑری نان سٹاپ ٹرین ہے جو 16 گھنٹوں میں کراچی سے لاہور پہنچے گی اوراور راستے میں تین جنکشنز حیدرآباد، روہڑی اور خانیوال پر ہی کچھ دیر کا قیام کرے گی۔ پاکستان ریلویز کی وی آئی پی لگڑری ٹرین کل سے سفر کا آغاز کرے گی۔

نان اسٹاپ جناح ایکسپریس 12 ایئر کنڈیشنز بزنس کوچز پر مشتمل ہے جس میں ایک ڈائننگ کار بھی ہوگی اور دو پاور پلانٹ بھی ٹرین کا حصہ ہیں۔ 

پاکستان ریلویز کی جانب سے ٹرین کا یکطرفہ کرایہ بڑوں کیلئے 6500 اور بچوں کیلئے4900 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ جو مسافر عجلت کے باعث بنا ٹکٹ سوار ہونگے انہیں 1350 اضافی چارجز کے ساتھ ٹرین میں ہی ٹکٹ دیا جائے گا۔

جناح ایکسپریس کراچی سے سہ پہر تین بجے روانہ ہو گی اور اگلی صبح ساڑھے سات بجے لاہور پہنچے گی۔ لاہور سے دوپہر کو ڈھائی بجے سفر کا آغاز کرے گی اور اگلی صبح سات بجے کراچی پہنچے گی۔