وزیراعظم آج نیب تحقیقات کی زد میں آئے باغ ابن قاسم کا افتتاح کریں گے

313
Imran Khan (file foto)

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) وزیراعظم عمران خان آج ہفتے کو کلفٹن میں واقع باغ ابن قاسم کا دوبارہ افتتاح کریں گے۔ اس مقصد کے لیے رکھی گئی تقریب کو بلدیہ عظمیٰ نے ” ریوائیول سریمانی ” کا نام دیا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس پارک سمیت دیگر باغات پر کم وبیش50 کروڑ روپے کے اخراجات کے حوالے سے قومی احتساب بیورو ( نیب ) تحقیقات شروع کرچکا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مذکورہ پارک کے حوالے سے نیب کی جاری تحقیقات سے حکام نے وزیراعظم سیکریٹریٹ کو آگاہ کرچکی ہے۔ تاہم کے ایم سی کی جانب سے باغ ابن قاسم کلفٹن کی ازسر نو افتتاح کی تقریب کا دعوت نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صبح 10 بجے وزیراعظم باغ ابن قاسم کا افتتاح کریں گے۔ جبکہ خود کے ایم سی کے ایک ذمے دار افسر کا کہنا ہے کہ ’’وزیراعظم کا تقریب میں آنے کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے یہ بڑے لوگوں کی باتیں ہیں دعوت نامہ جن لوگوں نے جاری کیا ان سے ہی وزیراعظم کی آمد کے بارے میں دریافت کریں‘‘ ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دعوت نامہ محکمہ انفارمیشن کے ایم سی نے جاری نہیں کیا۔ خیال رہے کہ نیب حکام گزشتہ جنوری سے کے ایم سی کے محکمہ باغات میں ہونے والی سنگین بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کی شکایات پر باغ ابن قاسم سمیت دیگر پارکوں میں کرائے جانے والے کاموں کا ریکارڈ طلب کر کے ہیں جبکہ اس حوالے سے محکمہ باغات میں غیر قانونی طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے پائے گئے سابق ڈی جی پارکس، موجودہ مگر حکومت سندھ کی طرف سے معطل کیے گئے ڈی جی آفاق مرزا اور دیگر افسران سے پوچھ گچھ بھی کرچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب حکام باغ ابن قاسم کی زمین کا حصہ غیرقانونی طور پر ملک کے بڑے بلڈر کی بلند عمارت کے لیے سپرد کیے جانے کے معاملے پر بھی تحقیقات کررہے ہیں۔ جبکہ شہر کے دیگر پارکوں کی ازسر نو تزئین و آرائش کے نام پر کروڑوں روپے کے اخراجات کی بھی انکوائری کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ باغ ابن قاسم کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان شرکت نہیں کریں گے۔ تاہم تقریب میں وزیراعظم کی شرکت کے بارے میں جب میٹروپولیٹن کمشنر سید سیف الرحمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ” جی ہاں وہ باغ ابن قاسم کا افتتاح کریں گے۔