مدارس کے نصاب پروفاقی وزرا کے بیانات قابل مذمت ہیں

134

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر نے کہا ہے کہ مدارس کے نصاب پروفاقی وزرا کے بیانات افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مدارس کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کو شش کی جارہی ہے۔ ماضی قریب میں بھی اس طرح کے منفی پروپیگنڈوں کے ذریعے مدارس کو نشانہ بنانے اوروہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو تنگ کیا جاتا رہاہے، مگر الحمد للہ ہر سازش ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اسلام کے قلعے ہیں، ان کیخلاف ہونے والی ہر سازش کو باہمی اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنائیں گے۔ اسلام کے نام لیواؤں نے ہمیشہ دفاع وطن میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ حکومت اپنے وزرا کو ایسے بیانات سے روکے جن سے ملک میں انتشار، افراتفری اور انارکی کی فضا پیدا ہوتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ دشمن چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں۔ امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے اتنی کبھی نہ تھی۔