وزیراعلیٰ پنجاب کے والد فتح محمد بزدار انتقال کر گئے

431
سردار فتح محمد خان بزدار حرکت قلب بند ہونے کے سبب انتقال کر گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد بزدار پیر کے روز حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ شام 4 بجے تونسہ شریف اور شام 7 بجے آبائی علاقے بارتھی میں ادا کی جائے گی۔
فتح محمد بزدار بارتھی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1964 میں جامعہ کراچی سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کیا۔ انہوں نے تدریس کے شعبے کو اپنایا اور زراعت سے بھی وابستہ رہے ۔ وہ بزدار قبیلے کے سردار تھے۔ 
فتح محمد بزدار ڈیرہ غازیخان سے سن 1985 ، 2002 اور 2008 میں صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اپنے سیاسی کیریئر میں مسلم لیگ قاف ، مسلم لیگ نون اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے وابستہ رہے ۔ وہ 1984-1983 تک مجلس شوریٰ اور ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ کونسل کے رکن رہے ۔2007-2003 تک فتح محمد بزدار سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور اوقاف کے چیئرمین بھی رہے۔ فتح محمد بزدار نے سوگواران میں بیوہ ، پانچ بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے سردار فتح محمد بزدار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔