بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی اتر پردیش کی جنرل سیکریٹری اور کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی کی ہمشیرہ پریانکا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف انتخاب لڑنے کا عندیہ دے دیا۔
پریانکا گاندھی کا کہنا تھا کہ اگر ان کی جماعت چاہے تو وہ واراناسی سے انتخاب لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ راہول گاندھی کیرالہ میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے حلقے وایاناڈ سے بھی انتخاب میں حصہ لیں گے۔
پریانکا گاندھی سے جب یہ سوال کیا گیا کہ وہ اپنی والدہ کی نشست رائے بریلی سے انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں لیکن واراناسی سے کیوں نہیں جہاں نریندر مودی امیدوار ہیں؟ تو ان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی چاہے گی تو وہ وہاں سے انتخاب لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پریانکا گاندھی رواں سال ہونے والے انتخابات کے لئے بہت متحرک نظر آرہی ہیں۔