بنگلہ دیش میں طوفان اور آسمانی بجلی گرنے سے 10 ہلاکتیں

293
ڈھاکہ کے پانامہ پارک میں درخت کار پر گرا ہوا ہے۔

بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ اور دیگر ڈویژن ٹراپیکل طوفان کی زد میں ہیں۔ آسمانی بجلی گرنے کے متعدد واقعات میں 10 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو چکے ہیں۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں ہوا کی رفتار 74 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر چکی ہے جس کے باعث متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور زیر تعمیر عمارتیں بھی منہدم ہوگئیں۔
بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات اور پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں بتایا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے سونم گنج ، مولوی بازار اور نیترو کونہ کے علاقے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں طوفان کی وجہ سے دریائے بری گنگا میں کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا جس میں ماں اور چھ سالہ بیٹا ہلاک ہوگئے۔ کئی گھروں کی دیواریں بھی طوفان کی وجہ سے منہدم ہو گئیں جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ 
ڈھاکہ طب فیکلٹی اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طوفان کے بعد 18 زخمی افراد کو اسپتال لایا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے کئی علاقوں میں اولہ باری اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو بھی موسمی حالات کے باعث وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور دریاؤں میں جانے سے منع کیا گیا ہے۔