الجزائری صدر آئینی مدت ختم ہونے سے قبل مستعفی ہوجائیں گے

401
فائل فوٹو

الجزائری صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ اپنی موجودہ آئینی مدت ختم ہونے سے قبل عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔الجزائر کے ایوان صدر نے  جاری کردہ ایک بیان میں اس امر کی تصدیق کی ہےکہ ان کی چوتھی مدتِ صدارت 28 اپریل کو ختم ہورہی ہے۔

الجزائر کی نیوز ایجنسی کے مطابق  صدر عبدالعزیز بوتیفلیکا انتقال اقتدار کے دوران ریاستی اداروں اپنے کام کو موثر انداز میں جاری رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

عبدالعزیز بوتیفلیکا کی جانب سے رواں سال فروری میں اعلان کیا گیا تھا کہ وہ پانچویں مرتبہ منتخب ہونے کی تیاری کر رہے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر لاکھوں افراد نے احتجاج کیا تھا۔

انہوں نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے اور اپریل میں شیڈول انتخابات کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے، اس اعلان کے ساتھ ہی عوام میں موجود غصہ مزید شدت اختیار کرگیا۔

یاد رہے کہ بوتفلیقہ گذشتہ  بیس سال سے الجزائر کے حکمراں چلے آرہے ہیں ۔وہ پہلی مرتبہ 1999ء میں صدر منتخب ہوئے تھے۔2004ء میں دوسری مرتبہ اور 2009ء میں تیسری مرتبہ 71 فی صد ووٹ لے کرصدر منتخب ہوئے تھے۔وہ 2014ء میں چوتھی مرتبہ 81.53 فی صد ووٹ لے کر پانچ سال کی مدت کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے