نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں خودکار ہتھیاروں پر پابندی کا بل منظور

395
نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ نے نیم خودکاربندوقوں اور رائفلز پر پابندی کے بل کی منظوری دے دی

نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ نے خود کار ہتھیاروں پر پابندی کا بل منظور کرلیا ہے۔ فوجی طرز کی نیم خود کار بندوقوں اور رائفلز پر پابندی کے بل کو پارلیمنٹ کی اجتماعی رائے کے ساتھ منظور کیا گیا اور آزاد خیال اور قدامت پسند دونوں جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز نے اس بل کی بھرپور حمایت کی ۔

کل 119 پارلیمنٹیرینز نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ صرف ایک قانون ساز کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔ مخالفت کرنے والے قانون ساز ڈیوڈ سینور کا موقف ہے کہ خود کار ہتھیاروں سے متعلق بل جلد بازی میں پیش کیا جا رہا ہے ۔ ایسٹر کی چھٹیوں سے صرف 9 دن پہلے بل کی پیشگی اور منظوری پبلک سیفٹی سے زیادہ سیاسی تھیٹر معلوم ہو رہی ہے ۔
بل پر اگلے ہفتے کے اواخر تک قانون سازی کے بعد عمل درآمد کیے جانے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشتگردانہ حملوں کے نتیجے میں 50 مسلمانوں کی شہادت کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ملک میں خود کار ہتھیاروں پر پابندی عائد کی جائے گی۔