لیاقت آباد ٹاون میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر جاری،شہریوں کی جانوں کو خطرات،

247

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عملے کی ملی بھگت سے لیاقت آباد ٹاون کے مختلف علاقوں میں 40،60 اور 80 گز کے پلاٹوں پر بلند بالا عمارتیں تعمیر کرنے کا انتہائی خطرناک مقابلہ شروع ہوگیا ہے جس سے بڑی تعداد میں انسانی زندگیاں داو پر لگ رہی ہیں ،

تفصیلات کے مطابق لیا قت آباد کے علاقے سی ایریا ، سی ون ایریا ، ناظم آباد نمبر ایک اور دو میں بڑے پیمانے پر خلاف ضابطہ تعمیرات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ان علاقوں میں کم رقبہ کے پلاٹوں پر6 اور 7 منزلہ عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں ،

زرائع کے مطابق ایک جانب ڈی جی افتخار قائم خانی اور حال ہی میں تعینات کیے جانے والے ایڈیشنل ڈی جی ظفر احسن خلاف ضابطہ تعمیرات کے خلاف یومیہ کی بنیاد پر انہدامی کارروائی کی ہدایت کر رہے ہیں تو دوسری جانب ایس بی سی اے لیاقت آباد ٹاون میں تعینات افسران کی ملی بھگت سے بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بھی جاری ہے،

زرائع کے مطابق لیاقت آباد سی ون ایریا کے پلاٹ نمبر آر 5 ،اور 4/1005سمیت اطراف کے کم رقبہ کے پلاٹوں پر کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں،

اسی طرح لیاقت آباد سی ون ایریا کے پلاٹ نمبر 7/3A,ون ایچ 9/27،ون سی3/9، ون جے 10/4،ون بی2/6 سمیت درجنوں پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات نہ صرف ڈائریکٹر جنرل اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی رٹ پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کو بھی داؤپر لگانے کے مترادف ہیں۔