سنو اے ہمسفر میرے۔۔۔

597
چلو ممکن و ناممکن کے قصہ جات کو چھوڑیں
لب ورخسارِِ ہستی کے فسانہ جات کو چھوڑیں
نکل کر خواب گاہوں سے سمندر میں اتر جائیں
چٹانوں سے الجھ جائیں ، فصیلیں پار کر جائیں
جنوں کے مرحلے ہیں یہ ابھی بتلائے دیتی ہوں
تمہاری خرد مندی کو میں یہ سمجھائے دیتی ہوں
یہ جگ ہنسی اڑائے گا ہمیں مجنوں بلائے گا
یہ حربے آزمائے گا ، بہت کانٹے بچھائے گا
مگر!!! اے ہم سفر میرے عہد اپنا نبھانا تم
خلوت ہو یا جلوت ہو ، صعوبت جھیل جانا تم
ہمارے خون کی سرخی افق پر جگمگائے گی
ہماری دشت نوردی حسیں منزل کو پائے گی
پھٹے دامن ، لہو آنچل سے ہستی کو سجائیں گے
لہو آلود ہونٹوں سے زمیں کو چوم جائیں گے
سکونِ قلب کی دولت سے پھر لبریز ہوں گے ہم
تیرے دامن میں القدس سجدہ ریز ہوں گے ہم
حرا زرین