بھارتی دعویٰ جھوٹا قرار ، کوئی ایف 16 طیارہ نہیں گرایا : امریکہ

687

بھارت کی جانب سے پاکستانی ایف 16 طیارہ مار گرانے کے جھوٹے دعوے کو امریکہ نے مسترد کردیا ہے اور ایک امریکی جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف 16 طیاروں کی گنتی کی گئی ہے اور وہ تعداد میں پورے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے امریکی اہلکاروں کو ایف 16 طیارے گننے کی پیشکش کی گئی تھی اور امریکی اہلکاروں نے تمام ایف سولہ طیارے پاکستان کے پاس موجود ہونے کی تصدیق کر دی ہے ۔ جریدے نے یہ بھی لکھا ہے کہ ایف 16 طیارے کے معاہدے کے تحت پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جنگ میں ان طیاروں کو استعمال کر سکتا ہے اور ایسی کوئی شرط نہیں ہے کہ یہ طیارے بغیر اجازت استعمال نہیں ہو سکتے ۔امریکی اہلکار نے کہا کہ یہ محض خام خیالی ہوگی کہ ہم کوئی سامان بیچیں اور وہ جنگ میں استعمال نہ ہو۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ہندوستان میں بھی مودی حکومت اور ہندوستانی فضائیہ کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے اور اپوزیشن اور عوام کو حکومت سے اس بات کا جواب طلب کر رہے ہیں۔ ہندوستانی ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ ہندوستان پاکستان کو کوئی بھی نقصان پہنچانے میں ناکام رہا ہے جبکہ خود اس کوشش میں اپنے جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔
یاد رہے کہ 27 فروری کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان نے بھارت کا مگ 21 طیارہ مار گرایا تھا اور پائلٹ ابھینندن کو زندہ گرفتار کیا تھا ۔