سری نگر(خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں میں بھارتی فضائیہ کے 2افسر ہلاک اور 2زخمی ہوگئے ، مرنے والوں میں ایک اسکوارڈن لیڈر بھی شامل ہے،لاشیں اور زخمیوں کو فوجی اڈے میں واقع اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سینئرپولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 2افسر ہلاک اور 2 زخمی ہوئے تاہم حادثے کی دیگر تفصیلات نہیں بتائی گئی اور نہ ہی یہ واضح ہوسکا کہ آخر اس وقت افسران کو غیرضروری سفر کی ضرورت کیوں پیش آئی۔جس مقام پر یہ حادثہ پیش آیا وہ بھارتی فضائیہ کے اڈے کے قریب ہی واقع ہے جبکہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب مقبوضہ وادی میں نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کولگام میں ایک پنچایت رکن کو قتل کر دیا۔ عبدالمجید ڈار نامی پنچ کو بدھ کی شام کو ضلع کے علاقے شالی پورہ میں گولیاں مار ی گئیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی پنچ بعد ازاں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے سرینگر اور شوپیاں کے علاقوں سے چھاپوں کے دوران 9نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی فورسز نے ترال، پلوامہ، شوپیاں، کولگام، بیج بہاڑہ، بانڈی پورہ، حاجن، کپواڑہ، سوپور، رفیع آباد اور دیگر علاقوں میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جار ی رکھا۔ مزید برآں قابض انتظامیہ نے سری نگر جموں شاہراہ پر ہفتے میں 2 دن عام ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہرہفتے اتوار اور بدھ کو سرینگر سے جموں شاہراہ کو بھارتی فورسز کی نقل و حرکت کے لیے مختص کیا جارہا ہے ۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کمیشن نے قابض انتظامیہ کو مقبوضہ علاقے میں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند کشمیریوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ کمیشن کے جج (ر)جسٹس بلال نازکی نے یہ ہدایت انسانی حقوق کے علمبردار اور انصاف و انسانی حقوق کے بین الاقوامی فورم کے چیئرمین محمد احسن اونتو کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران جاری کی جس میں کالے قانون کے تحت نظربندکشمیریوں کو ان کے گھروں کے قریب جیلوں میں منتقل کرنے کی استدا کی گئی ہے ۔