حمزہ شہباز کو گرفتار کیے بغیر نہیں جائیں گے، نیب

525

لاہور: حمزہ شہباز ایک نامور سیاستدان ہیں اور انہیں سیاستدانوں جیسا رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ اس وقت پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ ایک نامور سیاستدان کس طرح گرفتاری سے بھاگ رہا ہے۔ کارکنوں اور دیواروں کے پیچھے چھپنے کے بجائے حمزہ شہباز کو گھر سے باہر آنا چاہیے۔ ایسا کہنا ہے ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب چوہدری اصغر کا جو اس وقت نیب کی ٹیم اور پولیس کی نفری کے ہمراہ مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ کا محاصرہ کئے ہوئے ہیں ۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب کا مزید کہنا ہے کہ میں نہتا ہوں ، میرے پاس کوئی بندوق نہیں ہے۔ حمزہ بھائی کو لیگل آرڈر کے تحت گرفتار کرنے آیا ہوں۔ ان پر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزامات ہیں۔ ان کی گرفتاری کا وارنٹ میری جیب میں موجود ہے۔ ہم حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے آئے ہیں اور گرفتار کرکے ہی جائیں گے۔ ہم سے نہ کوئی رابطہ کیا جا رہا ہے اور نہ ہی گیٹ کھولا جا رہا ہے۔

دوسری جانب حمزہ شہباز کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کوئی دہشت گرد نہیں ہے جو اس طریقے سے گرفتار کیا جائے۔ ہم لوگ جمہوری ہیں اور جمہوری طریقے سے ہی جنگ لڑیں گے ۔ہم کسی صورت بھی حمزہ شہباز کی گرفتاری نہیں ہونے دیں گے ۔ مسلم لیگ نون کے کارکنان کو حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

نون لیگ کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ پولیس نے ماڈل ٹاؤن میں حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پر پہنچنے والے راستوں کو بند کر دیا ہے جس کے نتیجے میں پولیس اور نون لیگ کے کارکنان میں ہاتھا پائی بھی ہو رہی ہے۔