حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے نیب کا رہائش گاہ پر دوبارہ چھاپہ

382

قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکام پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ آج حمزہ شہباز کی گرفتاری کو ممکن بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیں گی ۔

چھاپے کی اطلاع ملنے کے بعد مسلم لیگ نون کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں رہائش گاہ پر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جس کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی ہے۔ نیب حکام کو آج بھی حمزہ شہباز کی گرفتاری میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 
گزشتہ روز نیب کی ٹیم نے ماڈل ٹاؤن میں واقع حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پر پہنچ کر انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ذاتی سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے نیب حکام کو گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ واقعے کے بعد حمزہ شہباز کی سیکیورٹی گارڈز پر کارِ سرکار میں مداخلت کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حمزہ شہباز نے نیب حکام کی جانب سے گرفتاری کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے اور یہ موقف اختیار کیا ہے کہ نیب حکام کی کارروائی نہ صرف خلاف قانون ہے بلکہ عدالتی کاروائی کی بھی خلاف ورزی ہے۔ حمزہ شہباز نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت 8 اپریل کو ہوگی۔