راولپنڈی،پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے پر جماعت اسلامی کا احتجاج

142

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام گزشتہ روزبعد نماز جمعہ تمام ضلعی ہیڈ کوآرٹرز اور بڑے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جلوس نکالے گئے اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ راولپنڈی شہر اور کینٹ میں 8 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ جن کی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی، زونل اور دیگر مقامی رہنماکر رہے تھے۔ پی پی 11 سرسید چوک میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، حاجی نصیر مغل، ملک عمران، حاجی یار محمد، خالد مرزا، پی پی 14 میں علامہ اقبال کالونی مسجد سردار خان کے باہرہونے والے مظاہرے سے نائب امیر ضلع چودھری سرفراز احمد ایڈووکیٹ، ناظم زون رضا محمد چودھری، پی پی 15 میں نصیر آباد مسجد بلال کے باہر ہونے والے مظاہرے سے مولانا سمیع الحق چترالی، پی پی 16 میں جامع مسجد محمدیہ نیو کٹاریاں کے باہر ہونے والے مظاہرے سے نائب امیر ضلع شیخ مسعود احمد، ناظم زون سید ارشد فاروق، پی پی 17 صادق آباد چوک میں ہونے والے مظاہرے سے نائب امیر ضلع رضا احمد شاہ، عبد الجبار اعوان، مسجد قبا ٹرالی اڈا مولانا سمیع الحق منصوری، مسجد المکرم کھنہ کاک قاضی محمد ظہیرجبکہ پی پی 18 میں ڈھوک حسومسجد دارالسلام کے باہرہونے والے احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، محمد حنیف چودھری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت جب سے آئی ہے، عوام پرمسلسل مہنگائی کے بم برسا رہی ہے۔ ہر مہینے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرتی چلی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام عوام کو ریلیف دینا اور سہولیات مہیا کرنا ہوتا ہے۔ نااہل حکمران ٹولے نے آتے ہی کہا کہ وہ عوام کی چیخیں نکالیں گے۔ افسوس کہ حکومت میں آنے سے پہلے کیسے کیسے وعدے اور دعوے کیے گئے تھے اور عوام کو کیا کیا سہانے خواب دکھائے گئے تھے۔ اب اپنی تمام تر نا اہلیوں اور ناتجربہ کاریوں کا بھی ذمے دار سابقہ حکومت کو ٹھہرا رہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ عوام سمجھ دار ہیں اور وہ دجل و فریب کو خوب جانتے اور سمجھتے ہیں ۔ حکومت آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کے تحت مہنگائی کے بم گرا رہی ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلے کوعوامی مفاد میں واپس لیا جائے۔ ورنہ ملک میں مہنگائی کا ایک نہ تھمنے والا طوفان آ جائے گا۔