کراچی (سید وزیر علی قادری)سید فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کلب کنفیڈریشن کے نائب صدر منتخب ہوگئے، ان کے مقابل کوئی امیدوار کھڑا نہیں ہوا، گزشتہ روز کوالالمپور میں ہونے والے اجلاس میں رسمی کارروائی پوری ہونے کے بعد ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا، وہ 4 سال تک اس عہدہ پر فائز رہیں گے، دوسری جانب شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ اے ایف سی کے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے، ان کا انتخاب بھی بلا مقابلہ ہوا، یاد رہے کہ اے ایف سی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی پاکستانی کو عہدہ ملا ہے، سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے اے ایف سی کی نائب صدارت پاکستان کیلیے بڑا اعزاز ہے، ایشیا میں فٹبال کے فروغ کیلیے اپنا تجربہ بروئے کار لاؤں گا، پاکستان فٹبال کی بہتری کیلیے بھی ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔ پاکستان میں فٹ بال فیملی کی سید فیصل صالح حیات کو مبارکباد، یاد رہے کہ عدالتی حکم پر ہونے والے انتخابات میں سید اشفاق حسین کی سربراہی میں قائم ہونے والی پی ایف ایف کو فٹ بال کی عالمی اتھارٹیز اے ایف سی اور فیفا نے تسلیم نہیں کیا، حال ہی میں جنرل سیکرٹری اے ایف سی کی جانب سے جاری کیے جانے والے لیٹر میں واضح کیا گیا تھا کہ سید فیصل صالح حیات کو ہی فیڈریشن کا صدر تسلیم کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ہی معاملات رکھیں گے، مبصرین فٹ بال کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ فیصل صالح حیات کا ایشیا میں بطور نائب صدر انتخاب پاکستان کے لئے فٹ بال کے فروغ کا بہت بڑا موقع ہے مگر اس سے فائدہ اسی صورت میں اٹھایا جا سکتا ہے اگر یہاں بین الاقوامی فٹ بال باڈیز کے آئین کی پابندی کی جائے۔ پاکستان میں فٹ بال کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر فیفا اور اے ایف سی کا مشترکہ وفد جلد پاکستان آ رہا ہے، اس کی رپورٹ پی ایف ایف کے مستقبل کے لئے اہم ہو گی۔