وزیر اعظم سیکریٹریٹ کی تیسری منزل پر آگ لگ گئی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت پہنچ کر قابو پالیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔
وزیراعظم عمران خان بھی وقوعہ کے وقت وزیراعظم سیکرٹیریٹ میں موجود تھے اور ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
آتشزدگی کے واقعے کے فورا بعد سائرن بجنا شروع ہو گئے اور فائربریگیڈ کے عملے اور امدادی ٹیموں نے بروقت پہنچ کر عمارت کو خالی کروا لیا۔ حادثے کے نتیجے میںں وزیراعظم سیکرٹیریٹ کے عملے کے کسی رکن کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاعات موجود نہیں ہیں۔ آتشزدگی کے نتیجے میں دو کمروں کو جزوی نقصان پہنچا اور کمروں میں موجود فرنیچر جل گیا ہے۔
آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے ۔ آگ سیکریٹریٹ کی تیسری منزل پر لگی جس کا دھواں ڈک کے ذریعے چھٹی منزل تک پہنچ گیا ۔ واضح رہے وزیراعظم سیکریٹریٹ کا یہ حصہ انتہائی حساس ہے اور وہاں پر صرف وزیراعظم سیکرٹیریٹ کا عملہ ہی جا سکتا ہے۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔