بار بار دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا: ڈی جی آئی ایس پی آر

918

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی فضائیہ کی جانب سے ایف 16 طیارہ مار گرانے کے دعوے کی تردید کردی ہے اور بھارت کو آئینہ دکھا دیا ہے ۔ 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی دعوے کے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کو بار بار دہرانے سے وہ سچ نہیں بن جاتا ، بھارت نے پاکستانی طیارے ایف 16 کو تباہ کرنے کے جھوٹے دعوے کیے لیکن ہندوستانی فضائیہ کے پاس دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت نہیں ہے۔ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کو پہنچنے والے نقصان کے شادیانے نہیں بجائے لیکن ہماری خاموشی کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے ہندوستانی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے اور ان کا ملبہ پوری دنیا نے دیکھا۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ ٹویٹ ائیر وائس مارشل آر جی کے کپور کی پریس کانفرنس کے جواب میں کی گئی جس میں انہوں نے ایک بار پھر پاکستانی طیارہ گرانے کے دعوے کو دہرایا تھا البتہ وہ اس بار بھی اپنے دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لیے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکے۔ 
واضح رہے کہ امریکی میگزین فارن پالیسی کی جانب سے بھی بھارتی دعوے کو مسترد کیا جاچکا ہے اور اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ پاکستان کے پاس تمام ایف 16 طیارے موجود ہیں۔