قطر کی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے امریکی فیصلے کی مخالفت

325
فائل فوٹو

امریکہ کی جانب سے ایران کی طاقت ور فوج پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے فیصلے پر بیشتر خلیجی ممالک نے خیرمقدم کیا ہے مگر قطر نے اس فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطری وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن کا پاسداران انقلاب کو عالمی دہشت گرد فورس قرار دینے کا فیصلہ یک طرفہ اقدام ہے اور قطر اسکی مخالفت میں ایران کے ساتھ  کھڑا ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے دنیا کی کوئی خدمت نہیں کی جاسکتی۔

خیال رہے کہ سوموار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی پاسداران انقلاب کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب واشنگٹن نے کسی ملک کی فوج کو باضابطہ طورپر دہشت گرد قرار دیا ہو۔

واضح رہے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا اس حوالے سے موقف ہے کہ پاسدران انقلاب حکومت کے ہاتھ میں عالمی سطح پر دہشت گردی کی کارروائیوں کو عملی شکل دینے کے لیے ایک آلہ کار ہے۔

 یاد رہے کہ دوسری خلیجی ممالک سعودی عرب ، بحرین اور یمن نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے عالمی سطح ایرانی دہشت گردی کو لگام دینے اور خطے میں ایرانی مداخلت کی روک تھام میں مدد ملے گی۔