جماعت اسلامی بجارانی و تیغانی قبائل میں تصادم ختم کرنے کے لیے سرگرم

221

کندھکوٹ(نامہ نگار)بجارانی اور تیغانی قبائل کے درمیان تصادم کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کے وفد نے سردار محبوب علی بجارانی ، میر جہانگیر خان تیغانی سے الگ الگ ملاقات کر کے اپنا اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے ۔ وفد میں صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز،ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی، ضلعی امیر لالا عبدالفتاح پٹھان اور میر نیاز علی بنگوار شامل تھے۔ دونوں قبائلی رہنماؤں نے وفد کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ یاد رہے کہ جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے جلد ہی مرکزی رہنما و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو، سردارشمشیر خان مزاری کی قیادت میں گرینڈ قافلہ دونوں فریقین کے پاس جائے گا۔ جس کے لیے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے قبائلی سرداروں کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے بھی ملاقات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ بجارانی اور تیغانی قبائل تصادم میں اب تک کئی انسانی جانیں چلی گئی ہیں اور علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی کے ٹکٹ پرقومی اسمبلی کے سابق امیدوار سردارشمشیر خان مزاری نے بھی قبائلی تصادم کے خاتمے اور قیام امن کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔ دونوں سرداروں اور انتظامیہ نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو قبائلی تصادم کا خاتمہ اور علاقے کا امن بحال ہو سکتا ہے۔