بی ایم جیئنز کا جوڑیا بازار میں احتجاجی کیمپ کا دورہ

347

بزنس مین گروپ، کے سی سی آئی کا جوڑیا بازار کے تاجرکے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

قانون نافذ کرنے والے ادارے جوڑیا بازار، اولڈ سٹی ایریا میں گشت، نفری،چیکنگ بڑھائیں، جنید ماکڈا

بزنس مین گروپ کی قیادت اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نے جوڑیا بازار سے تعلق رکھنے والے مقامی تاجر محمد سلیم کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جنہیں منگل کی شام جوڑیا بازار میں واقع ان کے کاروباری احاطے میں نامعلوم افراد نے بے رحمی سے قتل کردیاتھا۔ایک بیان میں بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی، بی ایم جی کے وائس چیئرمین طاہر خالق، زبیر موتی والا، ہارون فاروقی اور انجم نثار، بی ایم جی کے جنرل سیکریٹری اے کیو خلیل، کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا، سینئر نائب صدر خرم شہزاد اور نائب صدر آصف شیخ جاوید نے گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاھ اور آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام پر زور دیا کہ وہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے سختی سے احکامات جاری کریں۔
کراچی چیمبر کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے محمد سلیم کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی چیمبر مشکل کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان اور جوڑیا بازار کے تمام تاجروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے کھڑا ہے۔ کے سی سی آئی کے دروازے نہ صرف چھوٹے تاجروں کی مدد کے لئے بلکہ ہر اُس شخص کے لئے بھی ہمیشہ کھلے رہیں گے جو حقیقی مسائل سے نمٹنے کے لئے چیمبر سے مدد کے طلبگار ہو۔
انھوں نے کہا کہ کراچی شہر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کرادار کرتا ہے لہذا اس قسم کا کوئی بھی واقعہ رونما ہونیسے نہ صرف مقامی کاروبار غیر یقینی صورت حال کے باعث بری طرح متاثر ہوتا ہے بلکہ اس کے منفی اثرات ملکی معیشت پر بھی پڑتے ہیں۔ انھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول پولیس اور رینجرز سے درخواست کی کہ وہ جوڑیا بازار اور اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں نفری، گشت اور چیکنگ کو تیز کریں اور اسے باقاعدگی سے جاری رکھیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جاسکے اور ان علاقوں میں مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے تاکہ تاجر بلا خوف وخطر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
دریں اثناء کراچی چیمبر کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا اور جنرل سیکریٹری بی ایم جی اے کیو خلیل کے ہمراہ مینیجنگ کمیٹی اراکین و دیگر بی ایم جیئنز نے بدھ کے روز جوڑیا بازار میں قائم کئے گئے احتجاجی کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں انھوں نے محمد سلیم کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ جوڑیا بازار کے تمام تاجروں سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔