جوڑیا بازار کے تاجر کے قتل کے خلاف احتجاج مارکیٹیں بند، مذمتی بینرز آویزاں

553

وزیراعلیٰ سندھ سے تاجر محمد سلیم کے قاتلوں کی گرفتاری کامطالبہ

سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر قائد کے تاجروں کوبے یارومددگار چھوڑ دیا گیا، کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن

کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن( کے ڈبلیو جی اے) کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید،چیئرمین ملک ذوالفقار،سینئروائس چیئرمین راجہ آسر مل،وائس چیئرمین عبدالرحمان آکبانی،جنرل سیکریٹری زاہد علی بخاری،جوائنٹ سیکریٹری آصف شیخ،فنانس سیکریٹری حنیف باوانی اورممبرمنیجنگ کمیٹی کے اراکین نے جوڑیا بازار کے تاجر محمد سلیم کے بیہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
کے ڈبلیو جی اے نے مقتول تاجر کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بطور احتجاج اجناس کی سب سے بڑی تھوک مارکیٹ ڈانڈیابازار اور اطراف کی مارکیٹیں بند رکھیں جبکہ مارکیٹ میں احتجاجی بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید اور چیئرمین ملک ذوالفقار نے تاجرمحمد سلیم کے قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تاجربرادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ملکی خزانے میں سب سے زیادہ ریونیو بھی یہاں کے تاجرجمع کرواتے ہیں لیکن اس کے باوجود کراچی کے تاجروں کوبے یارومددگار چھوڑ دیا گیا۔
ٍ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے تاجربرادری کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ جوڑیا بازار اور اس سے ملحقہ مارکیٹوں میں پورے ملک سے کاروبار ہوتا ہے اور ملک بھرمیں یہاں سے ضرورت کے مطابق مال ترسیل کیا جاتا ہے جس سے اس کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے پھر کیا وجہ ہے کہ سندھ حکومت تاجروں کی جان ومال کی حفاظت کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ انہوں نے مارکیٹوں میں پولیس اور رینجرز کاگشت بڑھانے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔