آسیہ بی بی جلد پاکستان چھوڑ دے گی : عمران خان

480

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ توہین رسالت کے الزام میں سپریم کورٹ کی جانب سے بری کی جانے والی آسیہ بی بی بہت جلد پاکستان چھوڑ دے گی۔ یہ بات انہوں نے بی بی سی کے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔
بی بی سی کے مدیر عالمی امور جان سمپسن نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ آسیہ بی بی تاحال پاکستان سے کیوں نہیں گئیں ؟ جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ آپ دیکھیں گے کہ آسیہ بی بی بہت جلد پاکستان چھوڑ جائے گی۔ جان سمپسن نے پوچھا کہ جلد سے مراد چند دن ہیں یا چند ہفتے ؟ وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ میرے خیال میں آسیہ بی بی کو پاکستان چھوڑنے میں چند ہفتے لگیں گے۔ 
وزیراعظم نے اس حوالے سے مزید بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پیچیدگی پائی جاتی ہے اور میں میڈیا میں اس بارے میں بات نہیں کر سکتا البتہ آپ کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ آسیہ بی بی محفوظ ہے اور وہ چند ہفتوں کے اندر اندر پاکستان چھوڑ کر چلی جائے گی۔