آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع

434

جعلی اکاونٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔
آصف زرداری اپنی ہمشیرہ فریال تالپور کے ہمراہ عبوری ضمانت میں توسیع کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عمر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی اور ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کی منظوری دے دی۔
پیشی کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری غصے میں آگئے اور صحافی کا موبائل فون لے کر بند کر دیا ۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نیب نے اپنے کمنٹس جمع کروانے ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ آج نیب کمنٹ جمع کرواتا ہے یا مزید مہلت لیتا ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی اور انہیں شامل تفتیش ہونے اور ہر سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ میں نیب کو آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر شق وار جواب داخل کرانے کا حکم دیا تھا۔