نیدرلینڈ میں ایف 16 لڑاکا طیارے کو عجیب و غریب حادثہ پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال 21 جنوری کو ایک ایف 16 طیارے نے تربیتی پرواز کے دوران ہدف کو نشانہ بنانے کے بجائے خود کو ہی نشانہ بناڈالا۔ پائلٹ نے غلطی سے طیارے کی 20 ایم ایم روٹری توپ سے فائر کیا جو کہ طیارے کے بیرونی حصے کو پھاڑتا ہوا نکلا اور انجن میں بھی بارود کے ذرے پہنچ گئے۔ نیدرلینڈ کے ریاستی خبر رساں ادارے نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ طیارے کو واقعے کے نتیجے میں بڑی حد تک نقصان پہنچا جس کے بعد اسے ایئربیس پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔
نیدرلینڈ کے وزارت دفاع کی جانب سے حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ایف 16 طیارے کو پیش آنے والا یہ واقعہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے اور وزارت دفاع کے اسپیکٹر جرنل وم بیگیربوس نے کہا ہے کہ ہم اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرنا چاہتے ہیں کہ ایسا کیسے ہوا اور مستقبل میں اس کی روک تھام کیسے کر سکتے ہیں۔