میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے،چیئر مین نیب 

219
اسلام آباد: جسٹس(ر) جاوید اقبال نیب کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: جسٹس(ر) جاوید اقبال نیب کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)قومی احتساب بیورو (نیب) کو مارچ 2019ء تک 54 ہزار 344 شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ نیب نے بدعنوانی کے 590 ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کیے ہیں، موجودہ چیئرمین نیب کے دور میں نیب نے بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 4100 ملین روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، نیب میگاکرپشن وائٹ کالر کرائم کو ’’احتساب سب کے لیے‘‘ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب کے آپریشن اور پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق نیب ہیڈکوارٹرز میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب واحد ادارہ ہے جس نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 303 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ نیب کے 1219 بدعنوانی کے ریفرنس مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت 900 ارب روپے بنتی ہے۔ بدعنوانی کا خاتمہ اور میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔