پشاور : لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دل کے آپریشن بند

506

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے کارڈیک وارڈ میں مشینری اور آلات نہ ہونے کی وجہ سے دل کے آپریشن بند کر دیے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز نے اس حوالے سے انتظامیہ کو خط لکھا ہے اور شعبے کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کارڈیک وارڈ میں موجود مشینیں خراب ہیں۔ نئے آلات اور مشینری فراہم کی جائے۔
انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ فی الحال اسپتال میں دل کے آپریشن بند کردیے جائیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پابندی سے ماہانہ 15 سے 18 مریض متاثر ہوں گے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال عاصم خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عارضہ قلب کے شعبے کے لیے ضروری آلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پابندی وقتی ہے اور اس کا مقصد مریضوں کی زندگی کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ شعبے کو تمام ضروری مشینری اور آلات جلد فراہم کر دیے جائیں گے۔