پنجاب کے11 کروڑعوام کیلیے رمضان پیکیج مذاق کے مترادف ہے

174

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیرعمران رشید،جنرل سیکرٹری رانامحمداقرار اوردیگرنے کہا ہے کہ پنجاب کے11 کروڑعوام کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان پیکیج مذاق کے مترادف ہے۔گیارہ کروڑافراد کے لیے محض300سستے بازارآبادی کے تناسب سے انتہائی کم ہیں ۔رہنماؤں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ حکومتی ریلیف پیکیج کے مقابلے میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوز اور منافع خور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے کروڑوں روپے منافع کمالیتے ہیں۔ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جاتا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور دیگر ادارے عملاً غیر فعال نظر آتے ہیں۔ بجٹ اور رمضان المبارک کے قریب آتے ہی اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مہنگائی نے عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ لوگوں کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔ ملک میں اس وقت افراتفری کا عالم ہے۔ 40 فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ رہی سہی کسر حکمرانوں کی عاقبت نااندیش اور ظالمانہ پالیسیوں نے پوری کردی ہے ۔