حکومت غریب عوام کو علاج معالجے کی سہولیات دینے میں ناکام ہے ،بیگا

177

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیر میاں عبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم اوردیگرنے کہا ہے کہ حکومت عوام کو علاج معالجے کی بنیادی سہولتیں دینے میں ناکام ہوگئی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو بیڈ تک دستیاب نہیں مجبوراً ایک ایک بیڈ پر تین تین مریض لیٹے ہوتے ہیں۔ فیصل آباد کے اسپتالوں کی دگرگوں صورتحال دیکھ کر اندازہ ہوتاہے کہ حکومت کے نزدیک تعلیم اور صحت کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں سب سے مقدس پیشہ علاج معالجے کا ہے لوگوں کو جسمانی تکلیفوں سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ روحانی مسائل اور پریشانیوں کا علاج کرنا بھی ضروری ہے۔ڈاکٹروں، انجینئرز، علما اکرام اور معاشرے کے پڑھے لکھے لوگوں کو آگے بڑھ کر ملک میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ معاشرے کو موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکالا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جس نظام میں عام آدمی کو تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف جیسی بنیادی سہولتیں نہیں ملتیں، ہم اس نظام کو نہیں مانتے۔ لینڈ، شوگر اور ڈر گ مافیا کا یہ نظام عام آدمی کا استیحصال کر رہاہے۔ سیاست، جمہوریت اور ریاست پر ان لوگوں کا قبضہ ہے جنہوں نے ناجائز طریقے سے دولت بنائی اور پھر اس دولت کے بل بوتے پر پورے انتخابی نظام کو یرغمال بنا کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ گئے۔