سندھ کے8 شہروں میں کچرا جلانے کیلیے انسنٹریٹرپلانٹ لگانے کا منصوبہ شروع

173

سکھر ( نمائندہ جسارت)حکومت سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے غلام محمد مہر میڈیکل کالج اینڈٹیچنگ اسپتال سکھر سمیت صوبے کے8شہروں کے سول اسپتالوں میں استعمال ہونے والی سرنجز ،ادویات اور دیگر گنداور کچرا جلانے کے لیے انسنٹریڑ پلانٹ لگانے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے ۔جس کے لیے آگاہی پروگرام اور تجاویز کے سلسلے میں جی ایم سی سکھر کے کانفرنس روم میں ادارہ ماحولیاتی تحفظ سکھر کی جانب سے ایک شنوائی منعقد کی گئی ۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے EPAسندھ کے ڈائریکٹر وقار حسین پھلپوٹو نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سندھ کو ہیپاٹائیٹس اور دیگر بیماریوں سے پاک کرنے کے لیے اسپتالوں کے کچرے کو سائنسی بنیادوں پر جلانے کے لیے انسنٹریٹرپلانٹ لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تحت سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے صوبے میں 8انسنٹریٹر پلانٹس نصب کیے جارہے ہیں جن میں سے چار کراچی کے بڑے اسپتالوں میں جبکہ جامشورو، نوابشاہ،لاڑکانہ اور سکھر کے اسپتالوں میں ایک ایک انسنٹریٹر پلانٹس شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ غلام محمد مہر میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال سکھر میں بھی یہ پلانٹ لگانے کا عمل شروع کیا جا رہا جس پر کام جلد مکمل کیا جائیگا ۔ماحولیاتی انجینئرنے بریفنگ میں بتایا کہ پلانٹس کا مقصد اسپتالوں میں موجودمضر صحت اور زہریلے کچرے کو شفاف طریقے سے جلاکر ماحول میں پیدا ہونے والی بیماریوں سے عوام کو بچانا ہے اوراس پلانٹ سے ہوائی اور زمینی آلودگی پر قابو پاکر ارد گرد کے ماحول کوبہتر بنایا جاسکتا ہے ۔اس موقع پر مختلف پبلک اور پرائیویٹ اسپتالوں کے نمائندوں سمیت ایم ایس غلام محمد مہر میڈیکل کالیج اور ڈی ایچ او سکھر نے بھی شرکت کی۔