وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کا اسکولوں کا دورہ غیر حاضر اساتذہ کیخلاف کارروائی

259

 

سکھر (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سی ایم انسپیکشن ٹیم وقار مہدی نے سکھر کے مختلف اسکولوں کا دورہ کرکے غیر حاضر اساتذہ و دیگر عملے کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ انہوں نے اسکولوں میں فرنیچر کی کمی کو ختم کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ فوری فرنیچر کی فراہمی کے اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سی ایم انپسکشن ٹیم وقار مہدی نے سکھر کے گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری اسکول کے دورے کے دوران دو کلاس رومز میں ٹیچرز کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں وارننگ لیٹر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہاف ٹائم میں طلبہ کے گھر جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ اور انتظامیہ کو تنبیہ کی کہ طلبہ کے والدین کو طلب کیا جائے اور ٹیچرز ڈے مناکر ان سے روابط بڑھائے جائیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ جس طرح اساتذہ کو سہولیات فراہم کررہی ہے اسی طرح اساتذہ بھی اپنی ذمے داریاں بخوبی نبھاتے ہوئے تدریس پر توجہ دیں۔ معاون خصوصی نے اسکول میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ڈی ای او سیکنڈری کو ہدایت کی۔ انہوں نے دو نان ٹیچنگ کی غیرحاضری پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سی ایم انسپکشن ٹیم وقار مہدی نے سکھر کے ڈبل سیکشن ہائی اسکول اور گورنمنٹ پریکٹسنگ بوائز اسکول کا دورہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو کچرے کے لیے ڈسٹ بن رکھنے اور واش روم کی صفائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے پریکٹسنگ اسکول میں فرنیچر کی کمی اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی پر پرنسپل ایلیمینٹری کالج ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ڈبل سیکشن ہائر سیکنڈری اسکول کی عمارت کا تعمیراتی کام بند ہونے پر انجینئر ایجوکیشن ورکس سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سی ایم انپسکشن ٹیم وقار مہدی نے سکھر کے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول بیراج کالونی کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی اور تدریسی عمل کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ اس اسکول کی طرز پر انتظامات چلائیں۔ اسکول کی ہیڈ مسٹریس حنا گل نے بتایا کہ اسکول میں 618 بچے زیر تعلیم ہیں اور گزشتہ دو سال سے یہ اسکول سیٹ امتحانات میں سندھ بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔