حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ، اختر مینگل

136

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بے گناہ اور نہتے لوگوں کا خون بہانا بند کیا جائے، موجودہ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے ،کیا حکمرانوں کو معلوم نہیں ہے کہ دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کرنے والے کون ہیں، حکمرانوں کو یہاں کے مظلوم عوام کا خون نظر نہیں آتا، بے گناہ اور نہتے عوام آج بھی خون کے آنسو بہا رہے ہیں ،پارلیمنٹ میں پہلے بھی بلوچستان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر آواز بلند کی اب بھی کریں گے،ہم ایک ہی خون ہیں ،بلوچستان نیشنل پارٹی دھرنے والوں کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑی ہے ،بلوچستان نیشنل پارٹی تمام اقوام کی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ،ہمارا ایک ہی خون ہے چاہے وہ ہزارہ کا ہو ،پشتون کا یا بلوچ کا، ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کی سرزمین ہماری ہے اور ہم ہی اس کے وارث ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مغربی بائی پاس پر سانحہ ہزار گنجی کے واقعے کے بعد احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اختر حسین لانگو، احمد نواز بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔اختر مینگل نے کہا کہ حکمرانوں سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے، ہمیں اور آپ کو یقین ہے کہ اللہ ہی ہمیں انصاف فراہم کریں گے کیونکہ اللہ کی ذات پر ہی یقین ہے کہ وہ ہمیں انصاف دے گا۔