قیام امن کیلیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں‘وزیراعلیٰ بلوچستان

132

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیا م کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، مغربی بائی پاس پر موجود چند عناصر جذباتی ہیں، سڑک کو بلاک کر نا مناسب نہیں، دھرنا ختم کیاجائے، اگر میرے دور میں قصداً کوتاہی برتی گئی ہے تو اس کی ذمے داری لوں گا۔ان خیالات کاظہار انہوں نے بوائز اسکاؤٹ ایسوسی ایشن میں میڈیا سے گفتگوباکرتے ہوئے کیا۔جام کمال نے کہا کہ سیکورٹی کا مسئلہ کسی برادری یا طبقے کا نہیں بلکہ صوبے بھر میں دہشت گردی کے واقعات رو نما ہوئے ہیں، گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، اس میں ہر برادری کے لوگ شہید ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صوبے کے سارے معاملات کو ٹھیک کرنا ہے، سیکورٹی ہم سب کے لیے مسئلہ ہے۔ بلوچستان کے تمام بڑے شہروں میں سیف اینڈ اسمارٹ سٹی منصوبے شروع کیے جائیں گے، کوئٹہ کی بہتری پولیس کا نظام اور ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے سے ممکن ہے ، ہمیں ایسا میکنزم بنانا پڑے گا جس سے قانون کا نفاذ بہتر بنا سکیں، اگرحکومت،پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمے داری پور ی نہیں کریں گے توسسٹم بہتر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مذہبی دہشت گردی ہو رہی ہے، پولیس دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات اور روک تھام کے ساتھ حملوں میں ملوث عناصر کو کیفر کردارتک پہچانے کے لیے کردار اداکرے۔