داعش کا اہم کمانڈر فلپائن میں ہلاک

232

برطانوی خبر رساں ایجنسی دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق 14 مارچ کو فلپائن میں داعش کے خلاف ہونے والی بڑی فوجی کارروائی میں داعش کا اہم کمانڈر ابو در مارا گیا ہے۔ امریکا میں ہونے والے ڈی این اے ٹیسٹ نے بھی ابو ذر کی ہلاک کی تصدیق کر دی ہے۔
فلپائن کے سیکریٹری داخلہ ایڈردو آنو کا کہنا ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ سے اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ 14 مارچ کو ہونے والی کارروائی میں داعش کے ہلاک ہونے والے چار کمانڈروں میں سے ایک ابو در شامل تھا۔ فلپینی فوج کی جانب سے امریکی حکام سے ابو در کی ہلاکت کی تصدیق کے لیے ڈی این اے کرانے کی پیشکش کی گئی تھی۔ سکریٹری داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ ابوذر کی ہلاکت سے داعش کے لیے ملک کے جنوبی حصوں میں قدم جمانا مزید مشکل ہو جائے گا۔
فلپائنی وزیر دفاع لورینزانا نے کہا کہ ابو ذر کی ہلاکت کے بعد اب جنگجوؤں کی قیادت ختم ہوگئی ہے اور آرمی آپریشن نے انہیں منتشر بھی کر دیا ہے ۔ ہم اس بات پر نظر رکھیں گے کہ جنگجو اب کسے نیا کمانڈر منتخب کرتے ہیں۔
یاد رہے ابو در نے ایسنیلون ہیپلون اور عمرخیام موت کے ساتھ مل کر 23 مئی 2017 کو فلپائن کے شہر مراوی پر قبضہ کیا تھا جس پر مقامی افواج نے پانچ ماہ کی زمینی جنگ اور فضائی حملوں کے بعد دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا تھا ۔ آپریشن میں 1100 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔ ایسنیلون ہیپلون اور عمرخیام موت کو فلپینی فوج پہلے ہی مقابلے میں ہلاک کر چکی ہے۔