پاکستان ریلویز پارٹس مقامی طور پر خریدے گی، شیخ رشید

333

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریلویز مقامی وینڈر انڈسٹری کو سپورٹ فراہم کرے گی اور ایسے پرزہ جات جو ملک میں تیار کئے جاسکتے ہیں انہیں درآمد نہیں کیا جائے گا، 

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان آٹو شو 2019ء میں گالا ڈنر سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ7 کروڑ مسافروں کے ساتھ پاکستان ریلوے پاکستان آٹو پارٹس انڈسٹری کے لیے ایک بڑی مارکیٹ ثابت ہوگی۔ آٹو پارٹس صنعت کو اس حوالے سے پیش قدمی کرنی چاہیے اور جوائنٹ وینچرز کے مواقع تلاش کئے جائیں۔ 

جب تک کاروباری برادری آگے نہیں بڑھے گی اس وقت تک ہم معاشی مشکلات پر قابو نہیں پاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ہر فرد اور ادارے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور آٹو انڈسٹری میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ اس ضمن میں کام کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان میں دورے کے دوران انہوں نے مشاہدہ کیا کہ کس طرح پورا ٹاؤن مصنوعات کی تیاری اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کردار ادا کررہا ہے ۔ اس لیے ہمیں بھی ایسی مثالوں سے سیکھنا ہوگا۔

اس موقع پر پاپام کے چیئرمین اشرف شیخ نے کہا کہ پاکستان ریلویز آٹو پارٹس مقامی مینوفیکچررز کا بڑا کسٹمر تھا۔ اور کئی اراکین نے پاکستان ریلویز کی ترقی کے ساتھ ترقی کی، پہلے پاکستان ریلویز آٹو پارٹس کی خریداری پاکستان سے ہی کیا کرتا تھا۔لیکن اب صورت حال تبدیل ہوگئی ہے اور اب پاکستان ریلویز کا زیادہ انحصار بیرونی پرزہ جات پر ہوگیا ہے۔

اس لیے اب آٹو پارٹس ڈیویلپمنٹ پالیسی میں لوکلائزیشن منصوبے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں امپورٹ متبادل پرزہ جات بنائیں جاسکیں۔ پاپام اراکین کی انٹرنیشنل کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ وینچرز وقت کی ضرورت ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان آٹو شو 2019 مشہود علی خان نے کہا کہ آپ کا اس حوالے سے کردار روشنی دکھائے گا اور مقامی آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔ اور ہماری مقامی انڈسٹری ، صنعت کے لیے درکار پیداواری سطح اور صلاحیت کو حاصل کرسکے گی جو زیادہ پائیدار اور زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگی۔ اس طرح ہماری انجینئرنگ صنعت مزید فروغ پائے گی اور اس کی ترقی اور تحفظ ممکن ہوگا

۔اسی طرح ریلوے کو بھی مدد ملے گی کہ وہ ناکارہ کوچز اور پرزہ جات کی مرمت اور ان کی خریداری سے ان کو قابل استعمال بنا سکے۔ انہوں نے تمام پیپس کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش پاکستان میں اس صنعت کی سب سے نمائش ہے جبکہ پیپس شو پاکستان کے انجینئرنگ شعبے کی پہچان بن گیا ہے اور اس سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔

اس موقع پر عالمی کمپنیوں کے نمائندے، پاپام کے اراکین اور کار ساز صنعت کے سربراہان بھی موجود تھے۔