دشمن قوتوں کی ملکی امن کو تباہ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنائیں گے

190

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کوئٹہ اور چمن میں ہونے والے دھماکوں میں 21 افرد کی شہادت اور 63 افراد کے زخمی ہونے پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں واقعات میں بے گنا ہ افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بلوچستان کے دو شہروں میں دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع نے پوری قوم کو سوگورا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دہشت گردی کیخلاف مسلمہ کارروائیوں کے نتیجے میں صورتحال کنٹرول میں آچکی ہے، مگر حالیہ دہشت گردی کا واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی کا ابھی مکمل قلع قمع نہیں ہوا۔ پاکستان کو پُر امن بنانے کے لیے جتنی قربانیاں سیکورٹی فورسز اور عوام نے دیں، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ دہشت گردی کی اس جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانی شہید اور ڈیڑھ سو ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیچھے انڈین را، امریکی سی آئی اے اور اسرائیلی موساد کے ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن کے لیے پوری قوم یکسو اور اپنے دفاعی اداروں کی پشت پرکھڑی ہے۔ دشمن قوتوں کی ملکی امن کو تباہ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ مودی انتخابات جیتنے کے لیے خونی کھیل کھیل رہا ہے، عالمی برادری اس کے طرز عمل کا نوٹس لے۔ حکومت بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے اصل ذمے داران کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔ معصوم اور بے گناہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن بحال ہوچکا ہے۔ اس کو دوبارہ تباہ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔