ڈپٹی میئر کا انتخاب، کے ایم سی میں تمام دفتری امور معطل،

274

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کراچی کے ڈپٹی میئر کے انتخاب کے باعث بلدیہ عظمیٰ ( کے ایم سی) میں تمام دفتری امور معطل کردئے گئے ہیں۔ نئے ڈپٹی میئر کے لیے ا لیکشن کل بروز جمعرات منعقد ہوں گے۔

اس سلسلے میں کمشنر ہاؤس کراچی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر کراچی، ریجنل الیکشن کمشنر علی اصغر سیال، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ صلاح الدین اور میٹروپولٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں انتخاب کیلئے کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

کمشنر افتخار شلوانی نے اجلاس کو بتایا کہ پر امن انتخاب کے انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی میئر کے انتخابات جمعرات 18 اپریل کو منعقد ہوں گے پولنگ کونسل ہال بلدیہ عظمی میں ہو گی۔

پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا جس میں 300 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 227 مرد اور 73 خواتین شامل ہیں۔

ڈپٹی میئر کا عہدہ ارشد ووہرہ کے استعفیٰ کے باعث خالی ہوگئی تھی۔ سابق ڈپٹی میئر نے متحدہ قومی موومنٹ سے علیحدگی اختیار کرکے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے ساتھ ڈپٹی میئر کا عہدہ بھی چھوڑ دیا تھا۔