بلوچستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے منفرد حیثیت رکھتا ہے،امان اللہ

155

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے منفرد حیثیت کا حامل صوبہ ہے ۔ افغانستان او ر ایران کے ساتھ طویل سرحدوں کی وجہ سے یہاں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا خاصا مشکل ہے لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی اداروں کی قربانیوں اور خدمات کی وجہ سے ملک و صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے افغان مہاجرین سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اور جدید مہارتوں کو سکھانے سے متعلق یو این ایچ سی آر کی کاوشوں کو سراہا ۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں یو این ایچ سی آرکی کنٹری نمائندہ (MS.RUVENDRINI MENIKDIWELA) کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال ، پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور افغان مہاجرین کی رجسٹریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ امن پورے خطے کی اشد ضرورت ہے ۔غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی مکمل رجسٹریشن سے نہ صرف امن و امان کی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ اس سے مستقبل کی منصو بہ بندی کیلیے بھی مدد ملے گی ۔ یو این ایچ سی آر کی کنٹری نمائندہ نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ پچھلے تقریباً چار عشروں سے افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ یو این ایچ سی آر کی نمائندہ نے حالیہ ہزار گنجی بم دھماکے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر تعزیت کی اور ان کے سوگوار خاندانوں سے یکجہتی و ہمدردی کا اظہاربھی کیا۔