تحریک انصاف کا اپنی 7 ذیلی تنظیموں سے اعلانِ لاتعلقی

529

تحریک انصاف نے مختلف ممالک میں پارٹی کا نام استعمال کرنے والی ذیلی تنظیموں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے باضابطہ آئینی سرکلر جاری کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے جس پر سیکریٹری جنرل ارشد داد کے دستخط بھی موجود ہیں۔ جن تنظیموں کو غیر آئینی قرار دیا گیا ہے ان میں پاکستان یوتھ کونسل مشرق وسطیٰ(سعودی عرب)، پاکستان انصافین فورم قطر، پی ٹی آئی جنون گروپ متحدہ عرب امارات، دبئی پی ٹی آئی کشمیر چیپٹر، پی ٹی آئی ویلفیئر ونگ سعودی عرب، پی ٹی آئی ہولینڈ اور پاکستان یوتھ کونسل لاہور شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اس اعلامیے کی ایک نقل میڈیا کو جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان تمام تنظیموں کا پاکستان تحریک انصاف سے اب کوئی تعلق نہیں اور پارٹی اب انہیں تسلیم نہیں کرتی۔

پارٹی ترجمان کا اس حوالے سے مؤقف دیتے ہوئے کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ان تنظیموں سے منسلک افراد پارٹی فورم کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور وہ چند ایسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے جو پارٹی بنیادی پالیسیوں کے خلاف ہیں۔