بارشوں سے گندم کی فصل کو نقصان کے بعد حکومتی ہدف کا حصول مشکل

960

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید بارش اور آندھی طوفان کے باعث گندم کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث حکومت کے لیے رواں برس گندم کی پیداوار کا ڈھائی کروڑ 51 لاکھ ٹن کا ہدف پانا مشکل ہو گیا ہے۔ شدید بارشوں سے نہ صرف پنجاب کے میدانی علاقوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے بلکہ بلوچستان میں پھلوں کے باغات بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
محکمہ زراعت کی عہدیدار کے مطابق صرف پنجاب میں گندم کو پہنچنے والے نقصان کے ابتدائی تخمینہ دو لاکھ ٹن سے زائد ہے۔ وزیر برائے قومی تحفظ خوراک اور ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان نے صوبائی حکومتوں کو فصلوں کے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ تخمینوں کی دستیابی کے بعد ہی وزارت گندم کی فصل کو پہنچنے والے نقصان کا صحیح اندازہ لگا سکے گی۔ انہوں نے محکمہ موسمیات کو موسم کی پیشگوئی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ کاشتکاروں کو موسم کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے جاری بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں ملک بھر میں 50 سے زائد اموات ہوچکی ہیں جبکہ چاروں صوبوں میں متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔